پاکستان کے ایشیا کپ فائنل تک رسائی کے کیا امکانات ہیں

ابوظبی: ایشیا کپ سپر 4 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر قیمتی 2 پوائنٹس اپنے نام کرلیے اور فائنل میں جگہ بنانے کی امیدیں برقرار رکھیں۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے جن میں کامندو مینڈس 50 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 18ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز مکمل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق بھارت ایک میچ کھیل کر 2 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان 2 میچز میں ایک کامیابی کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ بنگلادیش ایک میچ میں کامیابی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ مسلسل 2 شکستوں کے بعد سری لنکا ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہوچکا ہے۔

پاکستان فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟

پاکستان کے لیے ایشیا کپ فائنل تک رسائی کا سب سے آسان راستہ یہ ہے کہ وہ اپنے اگلے میچ میں بنگلادیش کو شکست دے اور دوسری جانب بھارت اپنے دونوں میچز (بنگلادیش اور سری لنکا کے خلاف) جیت جائے۔
ایسی صورت میں بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر اور پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر فائنل میں جگہ بنا لے گا۔

البتہ اگر بھارت کو بنگلادیش کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تو صورتحال نیٹ رن ریٹ پر بھی منحصر ہو سکتی ہے۔