پشاور میں آٹے کی قیمت میں دوبارہ اضافہ

پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

آٹا ڈیلرز کے مطابق 20 کلو مکس آٹے کا تھیلا گزشتہ دو دنوں میں 150 روپے مہنگا ہو کر 2150 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ فائن آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 100 روپے اضافے کے بعد 2300 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پنجاب سے گندم اور آٹے کی سپلائی میں رکاوٹوں کی وجہ سے قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ آ رہا ہے۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بدرالدین کاکڑ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم اور آٹے کی نقل و حمل پر پابندی ختم کی جائے اور چیک پوسٹیں ہٹائی جائیں، کیونکہ ان اقدامات کے باعث بلوچستان میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 800 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے اور صوبے میں غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ملک میں گندم کی سب سے بڑی پیداوار کرنے والا صوبہ ہے، جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کم پیداوار والے علاقے ہیں۔ سندھ کسی حد تک گندم میں خود کفیل ہے۔ مزید کہا گیا کہ حکومت نے اجلاس میں یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ گندم کی قیمت مقرر نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اس کی ملک بھر میں ترسیل پر پابندی لگائی جائے گی۔