خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف اپنی موجودہ پالیسی پر فوری نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق وفاق کی غلط پالیسیوں کے باعث خیبر پختونخوا میں روزانہ جنازے اٹھ رہے ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں معصوم شہری، بچے اور خواتین بھی نشانہ بن رہے ہیں، اور وفاق کی سرد مہری افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے، لیکن وفاق نہ تو خود بات چیت کر رہا ہے اور نہ ہی خیبر پختونخوا حکومت کو ایسا کرنے دے رہا ہے۔
بیرسٹر سیف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششوں کو سراہا، اور کہا کہ قبائلی جرگوں کے انعقاد جیسے اقدامات وفاق کی حمایت کے بغیر مکمل اثر نہیں رکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت وزیر اعلیٰ کی مخلصانہ کوششوں کو سیاست کی نذر کر رہی ہے اور امن قائم کرنے میں تعاون کرنے کی بجائے رکاوٹ ڈال رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos