نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے دیرینہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ جارجیوا کی قیادت میں تعاون مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے مالی سال 2024 میں 3 بلین ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ، 7 بلین ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (EFF) اور 1.4 بلین ڈالر کے ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ (RSF) کے بروقت انتظام پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف پر مسلسل پیش رفت کر رہا ہے تاہم حالیہ سیلاب کے معاشی اثرات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور وزیراعظم کے مضبوط میکرو اکنامک پالیسیوں پر عمل درآمد کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئی ایم ایف پاکستان کی طویل مدتی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحاتی اقدامات میں تعاون جاری رکھے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos