نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف غیر رجسٹرڈ موبائل ایپس کے ذریعے جوئے اور سٹے بازی کی ترغیب دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق رجب بٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز اور اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو غیر قانونی ایپس میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کیا، جس سے کئی افراد کو مالی نقصان پہنچا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق رجب بٹ معروف بیٹنگ ایپ ‘بینومو’ کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں، تاہم یہ ایپ پاکستان میں قانونی رجسٹرڈ نہیں ہے۔ متعدد بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 17 اگست کو یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کو بھی اسی نوعیت کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا۔ این سی سی آئی اے اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا پر غیر قانونی جوئے اور سٹے بازی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos