بلوچستان کا مسئلہ سیاسی حل کے ذریعے حل کرنا ہوگا،بلاول بھٹو

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی شکایات اہم ہیں، تاہم دہشت گردی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا حل سیاسی ہے اور سیاسی اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے تاکہ عوام کو فائدہ پہنچے۔

بلاول بھٹو نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں متاثرہ لوگوں کو فوری ریلیف پہنچانے کے لیے بی آئی ایس پی سب سے اہم پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے زرعی شعبے اور گندم کے کاشتکاروں کو مزید سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ قدرتی آفات میں معاونت کی ذمے داری وفاق کی ہے اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے عالمی سطح پر بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو بھی سراہا گیا ہے، جس سے ملک کو برآمدی مواقع بڑھانے میں مدد ملی ہے۔