ایشیا کپ فائنل سے قبل پریس کانفرنس میں کپتان سلمان علی آغا اعتماد سے بھرپور نظر آئے۔ صحافیوں کے سخت سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے ہر نکتہ دوٹوک انداز میں پیش کیا۔
ہینڈ شیک تنازع پر بات کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا:
*”پاکستان اور بھارت میں تعلقات پہلے بھی کشیدہ رہے ہیں، لیکن ہاتھ نہ ملانے کی روایت کبھی نہیں رہی۔ یہ کھیل کے لیے درست نہیں۔ میرے والد بھی کرکٹ کے بڑے شائق ہیں، انہوں نے ہمیشہ یہی کہا کہ میچ کے بعد ہینڈ شیک ضرور ہونا چاہیے۔
ایشیا کپ ٹرافی فوٹو شوٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا:
*”ہم کھیل کے اصولوں کے مطابق تیار ہیں۔ جو آنا چاہے خوش آمدید، جو نہ آنا چاہے ہمیں پروا نہیں۔ ہمارا فوکس صرف کھیل ہے۔”*
ذاتی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان نے تسلیم کیا:
*”میری پرفارمنس کپتان کے معیار کے مطابق نہیں، اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنے کی ضرورت ہے، لیکن میرا اور ٹیم کا مقصد صرف ایشیا کپ جیتنا ہے۔”*
بھارتی میڈیا کی تنقید پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
*”مجھے بھارتی میڈیا کے تبصروں سے کوئی سروکار نہیں۔ دباؤ دونوں ٹیموں پر ہے، لیکن ہم جیتنے کے لیے اپنی بہترین کوشش کریں گے۔”*
صائم ایوب پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا:
"صائم اگلے دس سال پاکستان کے ٹاپ پرفارمرز میں شامل ہوگا۔ فی الحال بیٹنگ میں نتائج نہیں مل رہے، مگر بولنگ اور فیلڈنگ میں شاندار کردار ادا کر رہا ہے، اور جلد بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتیں منوائے گا۔”
کپتان نے جذباتی انداز میں مزید کہا:
کرکٹر اگر میدان میں جذبات نہ دکھائے تو کہاں دکھائے؟ میدان سے باہر کی باتوں سے ہمیں کوئی غرض نہیں۔ ہمارا ہدف صرف ایشیا کپ کی ٹرافی ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کا تاریخی فائنل کل دبئی میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان اور بھارت پہلی بار ایشیا کپ فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق میچ سے قبل دونوں کپتانوں کا مشترکہ ٹرافی فوٹو شوٹ نہیں ہوگا جبکہ پاکستانی ٹیم آج اپنا پریکٹس سیشن مکمل کرے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos