کراچی: ڈیفنس فیز ٹو میں ورکشاپ میں آگ،2 خواتین جاں بحق،8 افراد ریسکیو

کراچی: ڈیفنس فیز ٹو میں ورکشاپ میں آگ،2 خواتین جاں بحق،8 افراد ریسکیو

کراچی: شہر کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو کورنگی روڈ پر واقع ایک ورکشاپ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔ امدادی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو عمارت سے بحفاظت نکال لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول اسپتال اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ سول اسپتال کے برنس وارڈ میں 3 مریض زیر علاج ہیں جبکہ دیگر زخمی جناح اسپتال میں داخل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت میں نکلنے کا صرف ایک راستہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ فائر فائٹرز نے کھڑکیوں کی گرل توڑ کر لوگوں کو نکالا اور آگ بجھانے کی کوشش کی۔ چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ اے فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا، تاہم آگ کی شدت کے باعث مزید فائر ٹینڈرز اور کے ایم سی کی اسنارکل کو طلب کرنا پڑا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آتشزدگی کے واقعے کی انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔