یمن کے حوثیوں نے ایل پی جی ٹینکر اور اس پر موجود عملے کو رہا کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق رہا ہونے والے 27 افراد میں کیپٹن مختار سمیت 24 پاکستانی، 2 سری لنکن اور ایک نیپالی شامل ہیں۔
وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جہاز اور اس کا عملہ اب یمن سے باہر محفوظ مقام پر موجود ہیں۔ ان کے مطابق عملے کو یرغمال بنا لیا گیا تھا اور پاکستانی حکام نے ہر ممکن آپشن استعمال کر کے ان کی رہائی یقینی بنائی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سکیورٹی اداروں نے دن رات محنت کی اور ان کی کوششوں سے پاکستانی شہریوں کی واپسی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ قوم مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ 17 ستمبر کو یہ بحری جہاز ایرانی بندرگاہ بندر عباس سے یمن جا رہا تھا جب اس پر اسرائیلی ڈرون سے حملہ ہوا۔ جہاز پر اس وقت 24 پاکستانی شہری بھی موجود تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos