دنیا کا سب سے بلند پل چین میں ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

چین کے صوبہ گویژو میں دنیا کا سب سے اونچا پل ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جس سے صرف دو منٹ میں وہ فاصلہ طے کیا جا سکتا ہے جو پہلے دو گھنٹوں میں مکمل ہوتا تھا۔

ہواجیانگ گرینڈ کینین پل (Huajiang Grand Canyon Bridge) اتوار کی صبح افتتاح کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ یہ پل سطح زمین سے 625 میٹر (تقریباً 2,050 فٹ) کی بلندی پر بیپان دریا کے اوپر تعمیر کیا گیا ہے، جو سان فرانسسکو کے مشہور گولڈن گیٹ پل سے تقریباً نو گنا اونچا ہے۔

یہ صرف دنیا کا سب سے بلند پل ہی نہیں بلکہ 1,420 میٹر کے مین اسپین کے ساتھ پہاڑی علاقے میں تعمیر کیا جانے والا دنیا کا سب سے بڑا اسٹیل ٹراس گرڈر سسپنشن پل بھی ہے۔ اس کی کل لمبائی 2,890 میٹر ہے۔

یہ پل گویژو کی خطرناک اور گہری وادی، جسے "زمین کی دراڑ” کہا جاتا ہے، پر بنایا گیا ہے۔ یہ منصوبہ چین کے تیزی سے بڑھتے ہوئے انفراسٹرکچر پروگرام کی ایک اور مثال ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کا پچھلا بلند ترین پل بھی بیپان دریا پر ہی تھا، جو ہواجیانگ پل سے تقریباً 100 کلومیٹر دور ہے۔ 2016 میں مکمل ہونے والے اس پل کی بلندی 565.4 میٹر تھی۔

گویژو، جو چین کا نسبتاً پسماندہ صوبہ مانا جاتا ہے، وہاں اب تک 30 ہزار سے زائد پل تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر دنیا کے 100 سب سے اونچے پلوں میں سے تقریباً نصف صرف اسی صوبے میں موجود ہیں۔