لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں ملک کی ترقی نہیں دیکھ سکتیں، دہشت گردی کا چیلنج دوبارہ سر اٹھا رہا ہے لیکن اس کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔
برطانیہ میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی سیاسی و عسکری قیادت خارجہ پالیسی سمیت تمام قومی معاملات پر ایک پیج پر ہے۔ ان کے مطابق وہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ہر اہم مسئلے پر مشاورت کرتے ہیں، یہ ہم آہنگی جاری رہی تو ماضی کے نقصانات کا ازالہ ممکن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارت کو ہمیشہ یاد رہنے والا سبق دیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں معرکۂ حق میں تاریخی فتح حاصل کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیویارک اور واشنگٹن کا حالیہ دورہ کامیاب رہا، اقوام متحدہ میں غزہ پر اجلاس خوش آئند پیشرفت ہے جس میں قطر، سعودی عرب، اردن، مصر اور دیگر ممالک شریک ہوئے۔ وزیراعظم کے مطابق صدر ٹرمپ نے اجلاس کی صدارت کی اور پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، یقین ہے اس کا مثبت نتیجہ جلد سامنے آئے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos