نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ 2025 میں ٹرافی نہ ملنے کا معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں اٹھانے کا اعلان کردیا ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق گزشتہ روز ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دینے کے باوجود بھارت نے پریزینٹیشن تقریب میں ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔ تقریب ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد شروع ہوئی تاہم بھارتی ٹیم نے واضح مؤقف اپنایا کہ وہ ٹرافی ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے نہیں لیں گے، جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کے ہاتھوں سے ٹرافی نہیں لیں گے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ صاحب ٹرافی اور میڈلز اٹھا کر اپنے ہوٹل لے جائیں۔ یہ رویہ غیر متوقع اور بچگانہ ہے۔ ہم اس معاملے پر نومبر میں دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں سخت احتجاج کریں گے۔
دیوجیت سائیکیا نے کہا کہ ایشیا کپ کی چیمپئن ہونے کے ناطے بھارتی ٹیم ٹرافی حاصل کرے گی، اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ اس طرح کے متعصبانہ رویے کے بعد محسن نقوی کو مستقبل میں بورڈ کے کسی بھی اہم عہدے پر فائز ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos