وزیراعظم وطن واپسی پر عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر سے ملاقات کریں گے،وفاقی وزیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس آ کر عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر کے اراکین سے ملاقات کے لیے خود بُلائیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران عوامی ایکشن کمیٹی کے 95 فیصد مطالبات پہلے ہی منظور کر لیے گئے تھے، تاہم آخر میں کچھ ایسے نئے مطالبات بھی سامنے آئے جو پہلے زیرِ غور نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان نئے مطالبات کی منظوری کے لیے آزاد کشمیر اسمبلی سے آئینی ترمیم کی ضرورت ہوگی۔

ڈاکٹر طارق فضل نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کی شکست کے بعد مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی بیانیے کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ پوری دنیا نے تسلیم کر لیا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف ریجنل یا دوطرفہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ اس مسئلے کا حل اب ممکن ہے۔