کوئٹہ ،قومی شاہراہ پر خوفناک تصادم، 5 مسافر جاں بحق

بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں قومی شاہراہ این 25 پر ٹرک اور کار میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ سوراب کے علاقے نغاڑ میں پیش آیا جہاں ایک کار اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ کار میں سوار تمام 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفی افراد کا تعلق کراچی سے تھا۔

حادثے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حادثے کی اصل وجہ جلد سامنے لائی جائے گی۔