آزاد کشمیر: احتجاج میں جاں بحق سدھیر کے قاتلوں پر ایف آئی آر درج

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں احتجاجی واقعات کے دوران جاں بحق ہونے والے سدھیر شہید کے قاتلوں کے خلاف تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ راجہ ثاقب مجید، سکندر مجید، محسن مجید، طاہر مجید، یاسر مجید، راجہ عبدالمجید، سرخیل ولد ثاقب مجید، راجہ لیاقت، راجہ شہسوار، راجہ مامون، عامر ظفر، جمال ظفر، سجاد انور عباسی، احسان حیدر سمیت 25 سے 30 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل اور دہشت گردی سمیت سنگین نوعیت کی دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ نامعلوم ملزمان کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق مقدمے کا اندراج متاثرہ خاندان اور عوامی دباؤ کے نتیجے میں عمل میں آیا تاکہ واقعے کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور جلد اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔