بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مشرقی علاقے میں ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب خودکش دھماکے میں کم از کم 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 33 زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی اور قریبی عمارتوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھا اور اس کے ساتھ پانچ دیگر دہشت گرد بھی موجود تھے۔ فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور سمیت تمام چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ واقعے میں ایف سی کے دو جوان بھی زخمی ہوئے۔
وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں پانچ افراد موقع پر جبکہ دیگر پانچ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
دھماکے کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ ریسکیو اور سیکیورٹی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ وزیر صحت اور سیکرٹری صحت بلوچستان نے سول اسپتال، بی ایم سی اسپتال اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹرز، فارماسسٹس، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہسپتالوں میں فوری خدمات کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos