ٹورنامنٹ میں شامل تمام 6 فرنچائزز کو لازمی طور پر تیل سے مالا مال مملکت کے کم از کم ایک کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا ہوگا، فائل فوٹو
ٹورنامنٹ میں شامل تمام 6 فرنچائزز کو لازمی طور پر تیل سے مالا مال مملکت کے کم از کم ایک کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا ہوگا، فائل فوٹو

کرکٹ میں انٹری : سعودی عرب کا آئی ایل ٹی 20 کے ساتھ شراکت داری کا اعلان

ریاض : سعودی عرب نے پہلی بار باضابطہ طور پر کرکٹ میں قدم رکھتے ہوئے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (ILT20) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اس ٹورنامنٹ میں شامل تمام 6 فرنچائزز کو لازمی طور پر تیل سے مالا مال مملکت کے کم از کم ایک کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا ہوگا۔

اس شراکت داری کے تحت سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (SACF) نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 کو منظوری اور لائسنس جاری کیا ہے، جسے ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے باضابطہ ٹی 20 لیگ (مرد و خواتین) کے طور پر منظور کیا ہے تاکہ آنے والے سیزنز میں سعودی عرب کے اندر میچز کی میزبانی کی جا سکے۔

آئی ایل ٹی 20 کے بیان کے مطابق:”سعودی عرب کے کھلاڑیوں کو براہ راست ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ خاص طور پر، بدھ کے روز ہونے والی ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 کی پلیئر نیلامی میں ہر فرنچائز کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ سعودی عرب کے کم از کم ایک کھلاڑی کو منتخب کرے۔” آنے والے برسوں میں آئی ایل ٹی 20 کے میچز سعودی عرب میں بھی کھیلے جائیں گے۔

سعودی عرب نے اسی ماہ کے آغاز میں کرکٹ فیسٹیول کی میزبانی بھی کی تاکہ ملک میں کھیل کے لیے ایک نیا نظام تشکیل دیا جا سکے۔ آئی ایل ٹی 20 میں ڈوین براوو، جوناتھن ٹراٹ اور ڈیوڈ وارنر جیسے شہرت یافتہ کھلاڑی بھی حصہ لے چکے ہیں۔

آئی ایل ٹی 20 کے چیئرمین خالد الزرعونی نے کہا:”ہمیں سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ اپنی شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے بے حد فخر ہے۔ سعودی عرب خلیجی خطے کا ایک اہم ملک ہے اور کرکٹ کو فروغ دینے کا اس کا عزم قابلِ تعریف ہے۔”

سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (SACF) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود نے کہا کہ یہ شراکت داری ان کے ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے کے عزم کی عکاس ہے۔

آئی ایل ٹی 20 کے سی ای او ڈیوڈ وائٹ نے اس اقدام کو خلیجی خطے میں کھیل کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 کا آغاز 2 دسمبر سے ہوگا اور اس میں 34 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 4 جنوری 2026 کو منعقد ہوگا۔