آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع سے قافلے مظفرآباد پہنچنا شروع

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع سے عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر قافلے دارالحکومت مظفرآباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ جہلم اور نیلم ویلی سے آنے والے قافلے دارالحکومت پہنچ چکے ہیں، جبکہ باغ، پونچھ، حویلی، سدھنوتی اور کوٹلی سمیت دیگر اضلاع سے ریلیوں کی شکل میں قافلے مسلسل روانہ ہیں۔

مظاہرین ہاتھوں میں بینرز اور جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں جبکہ "حق دو، انصاف دو” کے نعرے لگاتے ہوئے مظفرآباد کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی اور مسائل کے حل تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے مطابق یہ مارچ پُرامن ہوگا اور اس کا مقصد حکومت کو عوامی مشکلات اور مطالبات کی یاد دہانی کروانا ہے۔ مظاہرین مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور عوامی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔

انتظامیہ نے دارالحکومت مظفرآباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں، داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے دار الحکومت مظفرآباد سمیت تمام بڑے شہروں میں کاروباری مراکز، نجی ادارے بند، کاروبار زندگی مفلوج جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے مختلف شیروں سے مظفرآباد کی طرف مارچ شروع کردیا ہے ۔عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین نے قافلوں کی مظفرآباد روانگی سے قبل کارکنان سے پر امن رہنے کا حلف لیا اور یہ اعلان کیا کہ وہ پرامن رہتے ہوئے اپنی حقوق کی جدو جہد جاری رکھیں گے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال اور پہہ جام جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی سے آج مذاکرت کے ذریعے مسائل حل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما مشتاق منہاس نے بھی کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف وطن واپسی کے فوری بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے مزاکرات کریں گے ۔اور مسائل کو حل کیا جائے گا