افغانستان میں دو روز بعد انٹرنیٹ سروس بحال

کابل: افغانستان میں دو روز تک انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز معطل رہنے کے بعد اب بحال کر دی گئی ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق ملک کے تمام بڑے ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس نے انٹرنیٹ اور کمیونیکیشن سہولیات بحال کر دی ہیں۔ تقریباً 48 گھنٹے کی معطلی کے دوران اندرون و بیرونِ ملک رابطے منقطع رہے اور روزمرہ کے اہم شعبے، جیسے بینکنگ اور آن لائن تعلیم، بری طرح متاثر ہوئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا کہ انٹرنیٹ پر پابندی کی خبریں درست نہیں ہیں بلکہ تکنیکی ٹیمیں فائبر آپٹک کیبلز کی مرمت کر رہی تھیں۔ ان کے بقول افغانستان میں فائبر آپٹک لائنیں خستہ حالت میں ہیں جنہیں اب بہتر بنایا جا رہا ہے۔

سائبر سکیورٹی تنظیم "نیٹ بلاکس” نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ معطلی کے دوران انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی معمول کے مقابلے میں صرف 14 فیصد رہ گئی تھی، جو کسی حد تک جان بوجھ کر سروس بند کیے جانے سے مشابہ معلوم ہوتی ہے۔

اس دوران کابل ایئرپورٹ بھی بند رہا اور اطلاعات ہیں کہ جمعرات سے پہلے کوئی پرواز آپریٹ نہیں کی جائے گی۔