ادیس ابابا: ایتھوپیا کے دارالحکومت کے قریب چرچ کی تعمیر کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا، جس میں عارضی ڈھانچہ گرنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ ڈھانچہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران عمارت کو سہارا دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب درجنوں مزدور اور کارکن چرچ کے اندر موجود تھے۔ اچانک ڈھانچہ زمین بوس ہوگیا اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو باہر نکالا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ طبی ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ آیا حفاظتی اقدامات میں کوتاہی کی گئی تھی یا نہیں۔
اس المناک سانحے نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے۔ شہریوں نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے جبکہ حکومتی سطح پر متاثرین کی امداد کے لیے اقدامات پر غور جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos