فلوٹیلا پر حملہ بحری قزاقی اور دہشت گردی ہے،حماس

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے "صمود فلوٹیلا” پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ فلوٹیلا کو روکنا اور کارکنوں کو حراست میں لینا بحری قزاقی اور دہشت گردی کے مترادف ہے۔

حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی سے عالمی سطح پر عوام کا غصہ اور بڑھ جائے گا، اور یہ ایک وحشیانہ حملہ ہے جس میں بین الاقوامی امدادی کارکنان کو نشانہ بنایا گیا۔ کارکنان محصور غزہ پٹی کے عوام تک فوری انسانی امداد پہنچانے کے مشن پر تھے۔

حماس نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کریں، اور گرفتار کارکنان اور ان کے جہازوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر دھاوا بول کر کشتیوں کو روک لیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق مسافروں کو اسرائیلی بندرگاہ پر منتقل کیا جا رہا ہے اور گریٹا تھنبرگ سمیت تمام کارکنان محفوظ اور صحت مند ہیں۔