گلوبل صمود فلوٹیلا کی احتجاج کی کال،مختلف ممالک میں مظاہرے

اسرائیلی حملے اور کارکنان کی حراست کے بعد، گلوبل صمود فلوٹیلانے فلسطین کے حامیوں کو احتجاج کی کال دی ہے۔

فلوٹیلا نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ان کے قافلے پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل کو عالمی سطح پر ردعمل دیا جائے۔ انہوں نے درخواست کی کہ سفارتخانوں، پارلیمانوں اور ان کمپنیوں کے سامنے مظاہرےکیے جائیں جو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے اقدامات میں ملوث ہیں۔

احتجاج کی کال کے بعد یونان میں مظاہرے شروع ہو گئے، جبکہ اٹلی اور ترکیہ میں بھی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر فلوٹیلا اور غزہ پر حملوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی بحریہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی کئی کشتیوں پر دھاوا بول کر کارکنان کو حراست میں لے کر اسرائیلی بندرگاہ منتقل کر دیا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ تمام کارکن محفوظ ہیں اور بعد میں انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا۔