پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے غزہ کے لیے امدادی قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پُرامن امدادی مشن کو نشانہ بنانا عالمی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی اور اسرائیلی درندگی کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارکنوں کی گرفتاری انسانی وقار کے منافی ہے جبکہ امداد روکنا اسرائیل کی بے رحمانہ پالیسیوں اور سامراجی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو نشانہ بنانا آزادی اظہار پر حملہ اور سچ کو دبانے کی کوشش ہے۔ دنیا کو چاہیے کہ فلسطین کے حق میں متحد ہو اور اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی اقدامات کرے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ فلوٹیلا پر حملے نے اسرائیل کا جابرانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، عالمی برادری کو اب خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر اسرائیل کو جوابدہ بنانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام پر مسلسل حملے، محاصرہ اور قحط انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں، امداد کا مستحقین تک پہنچنا اولین ترجیح ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اسرائیلی بربریت کا خاتمہ ضروری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos