آزاد کشمیر کے مظاہرین مقبوضہ کشمیر کی قربانیوں کو یادرکھیں:خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والے مظاہرین کو مقبوضہ کشمیر کی تین نسلوں کی جدوجہد پر غور کرنا چاہیے، جنہوں نے آزادی کے لیے اپنی زندگیاں قربان کیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جن مشکلات اور قربانیوں سے گزر رہے ہیں، آزاد کشمیر کے لوگ اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ وہاں کئی نسلیں جوانی سے بڑھاپے تک جیلوں میں گزار چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے اپنے خون سے تاریخ لکھی ہے، ہزاروں لوگ پھانسی کے پھندے پر جھول گئے، سینوں پر گولیاں کھائیں اور پاکستان سے محبت کی بھاری قیمت ہر روز چکا رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کشمیر کی جنگوں میں پاکستانی فوج کے ہر صوبے کے جوانوں نے شہادت دی، چاہے وہ پنجابی ہوں، پختون، بلوچ یا سندھی۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی بقا کو کشمیر کی آزادی کے ساتھ جوڑ کر قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اکتوبر 1947 میں جب جنگ شروع ہوئی تو ایک لاکھ سے زائد کشمیری مسلمان شہید ہوئے، یہ قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔