صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین میں وقت کے ساتھ نمایاں تبدیلی آئی ہے، آج کا چین 14 سال پہلے سے بالکل مختلف ہے۔
چینی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین کی معیشت مضبوط اور عوام خوشحال ہو چکے ہیں، ہر دورے میں اپنائیت اور خیرسگالی ملتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگوں کے بجائے معاشی ترقی پر سوچنا ہوگا، ترقی کا حق سب کا ہے اور پُرامن بقائے باہمی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات خلا تک جا پہنچے ہیں، زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور پانی کے مؤثر استعمال سے خودکفالت حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری اور تعاون کے وسیع مواقع ہیں، پانی کے انتظام، آفات کی روک تھام اور زرعی شعبے میں تعاون وقت کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق پاکستان اور چین "آہنی بھائی” ہیں جن کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہے۔ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جو خطے میں ترقی اور روابط کو فروغ دے گا۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان، چین کے تجربے سے قابلِ تجدید توانائی اور ریلوے کے شعبے میں بھی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos