فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کو دنیا کے نقشے سے مٹا دیں گے، بھارتی آرمی چیف کی دھمکی

نئی دہلی : بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپندر دیویدی نے پاکستان کو کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار بھارتی افواج کسی قسم کا تحمل نہیں دکھائیں گی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق راجستھان کے انوپ گڑھ میں آرمی پوسٹ پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل دیویدی نے کہا "اس بار ہم وہ تحمل نہیں دکھائیں گے جو آپریشن سندور 1.0 میں دکھایا تھا۔ اس بار ہم ایسا اقدام کریں گے جس کے بعد پاکستان کو سوچنا پڑے گا کہ آیا وہ جغرافیے پر اپنی جگہ برقرار رکھنا چاہتا ہے یا نہیں۔ اگر پاکستان نقشے پر اپنی جگہ قائم رکھنا چاہتا ہے تو اسے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کو فوراً روکنا ہوگا۔”

انہوں نے فوجی جوانوں کو تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا:”اگر خدا نے چاہا تو آپ کو جلد موقع ملے گا۔ آپ سب کو نیک خواہشات۔”

پاکستان کی تاریخ اور جغرافیہ دونوں بدل دیں گے،بھارتی وزیر دفاع

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان نے سرکریک سیکٹر میں کوئی مہم جوئی کی تو انڈیا کا شدید ردعمل پاکستان کی تاریخ اور جغرافیہ دونوں کو بدل دے گا۔

یہ بات انھوں نے جمعرات کو ریاست گجرات میں بھج فوجی اڈے کے دورے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔ اس تقریب میں انڈین فوج کے سربراہ سمیت سینیئر عسکری قیادت موجود تھی۔

راج ناتھ سنگھ نے متعلقہ تفصیلات فراہم کیے بغیر دعویٰ کیا کہ پاکستان سرکریک سیکٹر میں اپنا فوجی عمل دخل بڑھا رہا ہے اور انفرا سٹرکچر بھی تعمیر کر رہا ہے جو اُن کے بقول ’پاکستان کی بدنیتی‘ کو ظاہر کرتا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ یا فوج کی جانب سے انڈین وزیر دفاع کے بیان پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

راج ناتھ سنگھ کا مزید دعویٰ تھا کہ انڈیا کی جانب سے مذاکرات کی متعدد کوششوں کے باوجود پاکستان نے گذشتہ 78 برسوں سے سرکریک کے علاقے کو متنازع بنایا ہوا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ سنہ 1965 کی جنگ میں انڈین فوج لاہور تک پہنچ گئی تھی اور ’2025 میں پاکستان کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ سرکریک سے ہوتی ہوئی ایک سڑک کراچی تک جاتی ہے۔‘

اس موقع پر راج ناتھ سنگھ نے سٹریٹجک اہمیت کے حامل سرکریک سیکٹر میں دو اہم تنصیبات کا ورچوئل افتتاح بھی کیا، جن میں ٹئی ڈل انڈیپینڈنٹ برتھنگ فسیلٹی اور مشترکہ کنٹرول سینٹر شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کی مدد سے ساحل پر سکیورٹی آپریشنز بہتر ہوں گے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف فوری ردعمل دینے کی انڈین صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔

انھوں نے تقریب کے دوران ’آپریشن سندور‘ میں انڈین فوج کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور دعویٰ کیا کہ دورانِ جنگ انڈین فوج نے دفاعی نیٹ ورک میں پاکستانی دراندازی کی کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنایا گیا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ انڈیا کو بیرونی جارحیت، دہشت گرد تنظیموں اور سائبر وار فیئر جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔