مظفرآباد (امت نیوز) ازاد کشمیر کی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما رہنما شوکت نواز میر نے حکومت پاکستان کے ساتھ معاہدہ طے پانے کی تصدیق کی ہے انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور ارمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شوکت نواز میر نے وفاقی وزراء کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کی جبکہ بعد میں انہوں نے ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا۔
مظفرآباد میں ہفتہ کو صبح سے پہلے وفاقی وزرا اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں معاہدے سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ الحمدللہ! جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، پاکستان، آزاد جموں وکشمیر اور جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام جائز مطالبات منظور کرلیے گئے ہیں، وفاقی وزرا کمیٹی کی طرف سے عوام ایکشن کمیٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں جانب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق لیگل ایکشن کمیٹی ہر15دن بعد بیٹھے گی، یہ معاملہ خوش اسلوبی سےطے پا گیا ہے۔
راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت تھی کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے طے کیا جائے، کچھ لوگ امید لگائے بیٹھے تھے کہ معاملے کو بگاڑا جائے۔
اس موقع پر عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن شوکت نواز میر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے مشکور ہیں، ہمارےمعاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ خالصتاً ہمارا اندرونی معاملہ تھا کسی دوسرے ملک کو مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتے، ریاست اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔
شوکت نواز میر نے ایک ویڈیو بیان میں بھی مذاکرات کامیاب ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ کوہالہ جا رہے ہیں جہاں پر اعلان کیا جائے گا۔
احتجاج کامیاب ہونے پر فتح کے حوالے سے سوال پر شوکت نواز میر کا کہنا تھا کہ جانی نقصان کے سبب ایکشن کمیٹی تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos