غزہ،صیہونی فوج کا نیا ہتھکنڈہ،دھماکا خیزگاڑیاں فلسطینیوں پرچھوڑدی گئیں

غزہ:حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر جواب جمع کرانے کے باوجود بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں میں غزہ میں مزید 72 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے غزہ سٹی کے پناہ گزین کیمپوں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابض فوج نے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کے لیے نیا حربہ اپنا لیا ہے — اب فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ دھماکا خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرول گاڑیاں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کا "آخری موقع” دیا تھا، لیکن اب بھی لاکھوں بےگناہ افراد غزہ میں محصور ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ شہر کے الحلو انٹرنیشنل اسپتال میں ایک نومولود بچہ دم توڑ گیا، جب کہ فضائی کارروائیوں میں اضافے کے باعث اسپتال سے نوزائیدہ بچوں کو دوسرے مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

طبی عملے کے مطابق اسپتال سے تین قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو پہلے ہی نکالا جا چکا ہے، جب کہ مزید دس بچوں کو فوری طور پر منتقلی کی ضرورت ہے۔

غزہ میں تباہی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور انسانی بحران تیزی سے گہرا ہوتا جا رہا ہے۔