وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استحکام دینا حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
اسلام آباد میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعظم نے کی۔ اجلاس میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ مثبت معاشی رجحان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت دی کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استحکام دینا ہی حکومت کا اصل ہدف ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos