دنیا بھر میں غزہ فلوٹیلا کی حمایت،اسرائیل مخالف مظاہرے جاری

پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں غزہ فلوٹیلا کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

پاکستان میں حیدرآباد، ملتان، سجاول، میرپورخاص، حب، قلات، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور نوشہرہ میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ریلیاں نکالیں اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔

عالمی سطح پر بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اٹلی، اسپین، یونان اور بنگلادیش میں ہزاروں افراد غزہ فلوٹیلا کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے۔
روم میں مرکزی ریلوے اسٹیشن کے باہر 10 ہزار سے زائد افراد نے مظاہرہ کیا، جب کہ اسپین میں طلبہ نے فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالیں۔

یونان میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر احتجاج کیا گیا، جب کہ بنگلادیش میں نمازِ جمعہ کے بعد عوام کی بڑی تعداد نے ریلیوں میں شرکت کی۔

میٹ پولیس نے لندن میں سیکیورٹی خدشات کے باعث فلسطین ایکشن کے مظاہرے مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے، تاہم یمن کے دارالحکومت صنعاء میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔