کراچی (امت نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) 25 اکتوبر سے برطانیہ کے لیے پروازوں کا دوبارہ آغاز کرے گا۔ ابتدائی طور پر اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔
خواجہ آصف نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا "25 اکتوبر کو اسلام آباد سے مانچسٹر اور واپس پہلی پرواز چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، ہفتہ وار دو پروازیں ہوں گی۔”
یاد رہے کہ حال ہی میں برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو "فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ” جاری کیا، جو برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کی آخری انتظامی رکاوٹ تھی۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق پی آئی اے کو پہلے ہی تھرڈ کنٹری آپریٹر (TCO) کی منظوری مل چکی ہے۔
برطانیہ نے جولائی میں پاکستانی فضائی کمپنیوں پر عائد پابندی ختم کی تھی۔
ہائی کمیشن نے مزید بتایا کہ مانچسٹر کے بعد پی آئی اے دوسرے مرحلے میں برمنگھم اور لندن کے لیے بھی پروازوں کا آغاز کرے گا۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ سے زائد پاکستانی کمیونٹی کے لیے پروازوں کی بحالی سفری سہولت فراہم کرے گی۔ برطانیہ پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جہاں دوطرفہ تجارت کا حجم سالانہ 4.7 ارب پاؤنڈ (5.7 ارب ڈالر) ہے۔
حکومت پاکستان کئی بار خسارے میں جانے والی قومی ایئرلائن کو بیل آؤٹ دے چکی ہے اور اب اسے نجکاری کے عمل سے گزارنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ اقدام ان سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے کی حکومتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جو آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے قرضہ پروگرام کے تحت طے کی گئی ہے۔
پی آئی اے نے گزشتہ ایک دہائی میں ڈھائی ارب ڈالر سے زائد کے خسارے اٹھائے ہیں، جو ملکی خزانے پر بھاری بوجھ بن چکے ہیں۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے نومبر 2024 میں اپنی پابندی ہٹا لی تھی جس کے بعد پی آئی اے نے جنوری میں اسلام آباد سے پیرس اور جون میں لاہور سے پیرس کی پروازیں شروع کیں۔ تاہم برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کو ترجیح دیتے ہوئے یہ سروسز حالیہ مہینوں میں معطل کر دی گئیں۔ پی آئی اے کی امریکا کے لیے پروازیں تاحال بند ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos