ایران نے 6 علیحدگی پسندوں کو خوزستان میں پھانسی دیدی

ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے الزام میں اسرائیل سے تعلق رکھنے والے 6 علیحدگی پسندوں کو پھانسی دے دی گئی۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ میزان پر جاری بیان میں کہا گیا کہ سزا یافتہ افراد نے حالیہ برسوں میں خوزستان میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا اور متعدد حملے اور دھماکے کیے۔

رپورٹ کے مطابق، سزائے موت پانے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم بتایا گیا کہ وہ 2018 اور 2019 میں چار سیکیورٹی اہلکاروں — دو پولیس افسران اور نیم فوجی دستے کے دو اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے۔

مزید بتایا گیا کہ علیحدگی پسندوں نے بم بنانے، نصب کرنے اور خرمشہر گیس اسٹیشن پر حملے جیسے تخریبی منصوبوں کا اعتراف کیا تھا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسند گروہوں کے اسرائیل سے روابط پائے گئے ہیں۔

اسی روز ایران نے کرد جنگجو **محمدی** کو بھی پھانسی دی، جسے 2013 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ 2009 میں مغربی شہر سنندج میں ایک مذہبی رہنما کے قتل، حملوں اور اغوا کے واقعات میں ملوث تھا۔