اسرائیل نے انخلا کی تیاری پر آمادگی ظاہر کر دی،امریکی صدر کا بیان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بات چیت کے بعد اسرائیل نے انخلا کی ابتدائی لائن پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے متعلق حماس کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ جیسے ہی حماس اس پیش رفت کی تصدیق کرے گی، جنگ بندی فوری طور پر نافذہو جائے گی اور یرغمالیوں و قیدیوں کے تبادلے کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے اس سے قبل حماس کو خبردار کیا تھا کہ اگر تنظیم نے جلدی فیصلہ نہ کیا تو امن منصوبے کی تمام شرائط ختم ہو جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی صدر کے پیش کردہ 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کو بڑی حد تک تسلیم کر لیا ہے، تاہم بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حماس نے سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کے ممکنہ ثالثی کردار کو مسترد کر دیا ہے۔

عرب اور مصری میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان بلواسطہ مذاکرات اتوار اور پیر کے روز متوقع ہیں، جن میں یرغمالیوں کی رہائی اور امن منصوبے کے عملی پہلوؤں** پر بات چیت ہوگی۔