اساتذہ کا احترام کرنے والی قوم اپنا مستقبل محفوظ بناتی ہے:صدرِ مملکت

سلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تدریس صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری ہے، کیونکہ اساتذہ نئی نسل کے اذہان سنوارتے اور ان کے کردار کی تعمیر کرتے ہیں۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کے شہری اور دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ قوم کا فخر ہیں، جو مشکل حالات کے باوجود علم کی شمع روشن رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید دور میں تعلیم کے تقاضے بدل چکے ہیں، اس لیے اساتذہ کو ڈیجیٹل وسائل اور تربیت فراہم کرنا ناگزیر ہو گیا ہے تاکہ وہ طلبہ کو بہتر طور پر تیار کر سکیں۔

صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ حکومتِ پاکستان تدریس کے شعبے کی مکمل حمایت کے لیے پرعزم ہے، جبکہ اداروں کی مضبوطی، ٹیکنالوجی کا انضمام اور بہتر سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اساتذہ کی عزت و توقیر کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ جو معاشرہ اپنے اساتذہ کا احترام کرتا ہے، وہی اپنا مستقبل محفوظ بناتا ہے۔