غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ، فرانس، اسپین، اٹلی، میکسیکو، بنگلا دیش، یونان اور بھارت سمیت کئی ملکوں میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطینیوں پر ظلم کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
لندن میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین نے غزہ میں قتل عام روکنے کے نعرے لگائے، جب کہ پولیس نے تقریباً 450 مظاہرین کو گرفتارکیا۔
پیرس اور بارسلونا میں بھی ہزاروں افراد نے مارچ کیا اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی کی حمایت کی۔
روم میں چوتھے روز بھی احتجاج جاری رہا، مظاہرین نے اطالوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کی نسل کُشی رکوانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
میکسیکو میں طلبہ نے اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے خاموش احتجاج کیا، جبکہ بھارتی ریاست تامل ناڈومیں بھی شہریوں نے فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی۔
اسی طرح یمن، بنگلا دیش اور یونان میں بھی عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکلی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos