وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ صمود فلوٹیلا میں شریک پاکستانی شہری، جن میں سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہیں، اس وقت اسرائیلی افواج کی تحویل میں ہیں۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق حکومتِ پاکستان اپنے شہریوں کی محفوظ اور فوری واپسی کے لیے بھرپور سفارتی اقدامات کر رہی ہے۔
ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ مشتاق احمد محفوظ اور خیریت سے ہیں اور ان کی قانونی کارروائی بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق کی جائے گی۔ انہیں اسرائیلی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ایک یورپی دوست ملک کے ذریعے مشتاق احمد کی صورتحال کی تصدیق بھی ہو چکی ہے۔ ڈی پورٹیشن آرڈر جاری ہونے کے بعد ان کی وطن واپسی عمل میں لائی جائے گی۔
دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ حکومت اپنے تمام شہریوں کے تحفظ اور جلد رہائی کے لیے پرعزم ہے اور اس معاملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے تاکہ فلوٹیلا کے تمام شرکا کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ قافلہ 31 اگست کو اسپین سے روانہ ہوا تھا اور راستے میں مختلف ممالک کی کشتیاں بھی شامل ہوئیں۔ تاہم اسرائیلی بحریہ نے اسے فلسطینی سمندری حدود سے تقریباً 70 ناٹیکل میل کے فاصلے پر روک کر نشانہ بنایا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos