اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں موسم نے کروٹ بدل لی — کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تو کہیں برفباری نے سردی بڑھا دی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش ہوئی۔ نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، میٹروول اور بفر زون میں بادل برسے، جبکہ نارتھ ناظم آباد بلاک جی میں بارش کے دوران بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
لاہور میں بھی رات گئے ابرِ رحمت برس پڑا۔ ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، فیروز پور روڈ اور اکبر چوک کے اطراف میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے۔
ملتان، فیصل آباد، جھنگ اور لودھراں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ لودھراں میں سڑکیں زیرِ آب آگئیں جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ پاکپتن، کمالیہ اور چیچہ وطنی میں بھی موسلادھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور کبیر والا میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسنے سے درجہ حرارت میں کمی آئی۔
ادھر خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ چارسدہ، شبقدر اور سوات کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ کالام اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر موسمِ سرما کی پہلی برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
مانسہرہ اور مظفرآباد میں بھی رات گئے تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos