بھارت تنہا ہوچکا،دوبارہ حملے کی کوشش تباہ کن ثابت ہوگی،ناصر جنجوعہ

لاہور: سابق مشیرِ قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر دوبارہ میزائل حملے کے خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اس لیے ملکی دفاعی اداروں کو صورتِ حال پر گہری نظر رکھنی ہوگی۔

لاہور میں "پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کی امیدیں اور آئندہ دفاعی حکمتِ عملی” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ پاکستان کے پاس جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی موجود ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سابق مشیر کا کہنا تھا کہ عالمی منظرنامے میں پاکستان اور اس کی افواج کا وقار بڑھا ہے جبکہ بھارت اپنے رویے کی وجہ سے دنیا میں تنہا ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے امت مسلمہ کی قیادت کو کمزور کرنے کے لیے مختلف مسلم ممالک کو نشانہ بنایا، تاہم پاکستان اسلامی دنیا کی واحد جوہری طاقت ہے جو دشمن کے عزائم کے آڑے آتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل (ر) ساجد حبیب نے کہا کہ بھارت کی حمایت یافتہ کالعدم ٹی ٹی پی خطے اور دنیا کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ حملے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور اور مؤثر جواب دے گا۔

خارجہ امور کے ماہر محمد مہدی نے کہا کہ پاکستان کے امریکا اور چین دونوں سے متوازن تعلقات ایک بڑی سفارتی کامیابی ہیں، تاہم اس شعبے میں مزید پیش رفت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پر جس رفتار سے کام ہونا چاہیے تھا، وہ ابھی تک حاصل نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کیپیسٹی بلڈنگ ناگزیر ہے کیونکہ غیرملکی سرمایہ کاری کی رفتار اب بھی کم ہے۔

ریئر ایڈمرل (ر) این اے رضوی نے کہا کہ گوادر کی مکمل فعالیت قومی سلامتی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان نیوی خطے میں بحری سلامتی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کر رہی ہے۔

تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ پاک فوج نے اپنی ذمہ داریاں پوری کر دی ہیں، اب سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے قیادت کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔
میجر (ر) نیئر شہزاد نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں خود کو کامیاب ثابت کیا ہے، جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جا چکا ہے۔