اسلام آباد: لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں دوبارہ ترمیم کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ایک بار پھر ترمیم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ ترمیم کے تحت مقامی حکومت نہ ہونے کی صورت میں حکومت ایڈمنسٹریٹر تعینات کر سکے گی، جو وفاقی حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کا پابند ہوگا۔

ترمیمی مسودے کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کو ٹیکس نافذ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا جبکہ مقامی حکومت کے تجویز کردہ ٹیکس کی منظوری پارلیمنٹ سے لی جائے گی۔

نئے قانون کے تحت پارلیمنٹ کے پاس ٹیکس تجویز مسترد کرنے کے لیے 60 دن کا وقت ہوگا، تاہم اگر مقررہ مدت میں کوئی فیصلہ نہ کیا گیا تو ٹیکس تجویز خودبخود منظور تصور کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق یہ مجوزہ ترمیم جلد قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔