جے پور: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال کے ٹراما سینٹر میں رات گئے خوفناک آتشزدگی سے 7 مریض جھلس کر ہلاک ہوگئے، جبکہ 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ آئی سی یو کے ایک کمرے میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس کے بعد پورے فلور پر دھواں بھر گیا اور مریضوں و تیمارداروں میں شدید گھبراہٹ پھیل گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے فوراً بعد اسپتال عملہ موقع سے فرار ہوگیا، جس کے بعد مریضوں کے لواحقین اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت مریضوں کو عمارت سے نکالا۔
فائر بریگیڈ نے تقریباً دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ واقعے کے دوران آئی سی یو کا طبی سامان، کاغذات اور خون کے نمونے مکمل طور پر جل گئے۔
راجستھان کے وزیراعلیٰ بھجن لال شرما نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ تحقیقات کے لیے میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے کمشنر اقبال خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو اسپتال کے حفاظتی انتظامات اور آگ بجھانے کے نظام کا جائزہ لے گی۔
ڈاکٹر انوراگ دھاکڑ کے مطابق آتشزدگی کے وقت اسپتال میں کل 210 مریض زیر علاج تھے جن میں سے 40 مریض آئی سی یوز میں موجود تھے۔ شارٹ سرکٹ کے بعد زہریلا دھواں پھیلنے سے بیشتر مریض بے ہوش ہوگئے۔
جے پور پولیس کمشنر بیجو جارج جوزف نے بتایا کہ واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے فورینزک ٹیموں کو طلب کر لیا گیا ہے، تاہم ابتدائی شواہد شارٹ سرکٹ کی نشاندہی کرتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos