غارِ حراء کے دامن میں قرآن پاک کے نایاب نسخوں کی نایاب نمائش

مکہ مکرمہ میں غار حراء کے دامن میں قائم حراء ثقافتی مرکز میں ایک نیا بلاک شامل کیا گیا ہے، جس میں قرآنِ مجید کے نایاب اور تاریخی نسخے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں، جن میں دنیا کا سب سے بڑا قرآن پاک بھی شامل ہے۔

یہ وہی مقام ہے جہاں خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تھی، جس کے ساتھ ہی قرآن پاک کے نزول کا آغاز ہوا ، وہ کتاب جو انسانیت کے لیے سرچشمۂ ہدایت ہے۔

مرکز کے قرآن کمپلیکس کے اس نئے حصے میں گزشتہ 1400 سال کے مختلف ادوار میں لکھے گئے نایاب قرآنی نسخوں کی نمائش کی گئی ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے زائرین اس مقام کو عقیدت کے ساتھ دیکھنے آتے ہیں۔

مزید براں، قرآن میوزیم میں قرآنِ پاک کی تحریر کے قدیم و جدید طریقوں ، غلافِ کعبہ کے نمونے ، بیت اللّٰہ شریف کے دروازے کا ماڈل اور غارِ حراء کا ماڈل بھی پیش کیا گیا ہے۔

روزانہ سیکڑوں زائرین یہاں آکر نہ صرف نزولِ قرآن کے تاریخی لمحات سے روشناس ہوتے ہیں بلکہ اسلامی ورثے اور روحانیت کے عظیم اسباق سے فیضیاب بھی ہوتے ہیں۔