انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو تجویز دی ہے کہ مستقبل میں پاک–بھارت میچز کو عالمی ایونٹس کے دوران شیڈول نہیں کرنا چاہیے۔
ایتھرٹن نے یہ بات ایشیا کپ کے دوران پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں کہی۔ ان کے مطابق آئی سی سی ٹورنامنٹس میں پاکستان اور بھارت کے میچز کو معاشی یا سفارتی بنیادوں پر ترتیب دیا جاتا ہے، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اس رجحان کو ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاک–بھارت میچز مالی طور پر ضرور پرکشش ہیں، کیونکہ صرف ایک مقابلے کی بدولت براڈکاسٹ رائٹس کی مالیت تقریباً 3 ارب ڈالر تک پہنچ جاتی ہے، مگر ان مقابلوں نے کھیل کو سفارتی کشیدگی اور پروپیگنڈے کی پراکسی بنا دیا ہے۔
مائیکل ایتھرٹن کا کہنا تھا کہ پہلے کرکٹ کو سفارت کاری کا ذریعہ سمجھا جاتا تھا، لیکن اب یہ واضح طور پر سیاسی تناؤ کی علامت بن چکی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آئندہ آئی سی سی ٹورنامنٹس کے ڈراز شفاف ہونے چاہییں، اور اگر پاکستان اور بھارت کا آمنا سامنا نہیں ہوتا، تو یہ کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos