شہباز شریف بتائیں بلاول نے واقعی کیا سازش کی؟،سعید غنی کی نشاندہی

کراچی: وزیر محنت سندھ سعید غنی نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری پر لگائے گئے سازش کے الزامات کی وضاحت کریں اور واضح کریں کہ بلاول نے ان کے خلاف کیا سازش کی۔

سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید نہیں کی بلکہ اس کی تعریف کی اور وزیراعظم سے سیلاب متاثرین کی مدد کی درخواست کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسی صورتحال پیدا کرنے کی کیا ضرورت ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق سے ناراض ہو جائے، جبکہ وفاقی حکومت کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ کے طور پر سازشیں کر رہے تھے، اب شہباز شریف کو وضاحت کرنی چاہیے کہ اگر بلاول نے واقعی کوئی سازش کی تو وہ کیا تھی۔ سعید غنی نے یاد دلایا کہ شہباز شریف ہمیشہ بلاول کی تعریف کرتے رہے ہیں اور پاکستان جب تنہائی کا شکار تھا، بلاول بھٹو زرداری نے اسے عالمی سطح پر آئسولیشن سے نکالا تھا۔

سعید غنی نے پانی کے تنازع پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ کہنا کہ “میرا پانی میری مرضی” درست نہیں، پانی سب کا ہے اور نئے نہریں بنانے کی صورت میں پنجاب کا پانی کہاں سے آئے گا؟

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کی اکثریت پیپلز پارٹی سے مطمئن ہے اور انتخابات کے نتائج سب سے بڑے پیمانے کا معیار ہیں، جبکہ فارم 47 کے الزامات مسلم لیگ ن کے ارکان پر ہیں نہ کہ پیپلز پارٹی کے کامیاب ارکان پر۔