فنڈ کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہمارا ہدف ہے، چوہدری سالک حسین

ورکرز ویلفیئر فنڈ کا نئے تعینات ہونے والے ممبران پر مشتمل گورننگ باڈی کا تعارفی اجلاس وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کے زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں فنڈ کے جاری منصوبوں کے حوالے سے نئے ممبران کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران گورننگ باڈی کے چیئرمین ندیم اسلم چوہدری نے بھی ممبران کو مختلف امور اور پالیسی معاملات سمیت ورکرز ویلفیئر فنڈ 1971
آرڈیننس کے تحت قومی اور بین الاقوامی تقاضوں کے پیش نظر ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔

مزید برآں، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے اجلاس میں نئی کمیٹیوں کی تشکیل اور ان کی منظوری پیش کی جسے ممبران نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے تمام ممبران کو گورننگ باڈی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا ،
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کا مقصد محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو شفافیت اور تیزی سے مکمل کرنا ہے اور اس حوالے سے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ ورکرز اور ان کے خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تمام مالی وسائل بین الاقوامی معیار کو مد نظر رکھ کر محنت کشوں کی فلاح بہبود پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا اور آخری مقصد یہ ہے کہ ایسے کام کئے جائیں جو آنے والی نسلوں کیلئے مثال ہوں اور گورننگ باڈی کے تمام ممبران کے وسیع تجربات سے محنت کش مستفید ہو سکیں ۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ورکرز ویلفیئر فنڈ کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر گورننگ باڈی ممبران نے عزم ظاہر کیا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت جاری تعلیمی، رہائشی اور دیگر فلاحی منصوبوں کے ساتھ ساتھ بہتر سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے گا اور محنت کشوں کو عملی سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی۔

میٹنگ کے اختتام پر ممبران گورننگ باڈی کو وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی طرف سے یادگاری شیلڈ اور گفٹ بھی پیش کیے ۔