رواں سال کا پہلا سپر مون آج اپنی جلوہ گری دکھائے گا

اسلام آباد: فلکیاتی ماہرین کے مطابق آج سال 2025 کا پہلا سپر مون آسمان پر اپنی چمک بکھیرے گا، جس کا نظارہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں کیا جا سکے گا۔

ترجمان اسپارکو کا کہنا ہے کہ سپر مون کے دوران چاند زمین کے قریب ترین فاصلے تقریباً دو لاکھ چوبیس ہزار میل پر ہوگا، جس کے باعث یہ عام مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔

چاند آج سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق سے طلوع ہوگا اور طلوعِ آفتاب سے پہلے مغرب میں غروب ہو جائے گا۔

اسپارکو کے مطابق رواں سال مزید دو سپر مونز بھی دیکھے جا سکیں گے۔ ان میں سے سب سے روشن سپر مون 5 نومبر 2025 کو نمودار ہوگا، جبکہ تیسرا سپر مون 5 دسمبر 2025 کو آسمان پر دیکھا جا سکے گا۔

فلکیات دانوں کے مطابق "سپر مون” اس وقت بنتا ہے جب چاند اپنی مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین کے سب سے قریب آ جاتا ہے، جس سے وہ عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے۔ اسی مظہر کو "سُپر مون” کہا جاتا ہے۔