پی سی بی کا 2025-26 سیزن کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2025-26 کے ڈومیسٹک سیزن کے لیے میچ آفیشلز کے نئے پینل کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلان کے مطابق پی سی بی انٹرنیشنل پینل میں میچ ریفری علی نقوی جبکہ امپائرز آصف یعقوب، فیصل آفریدی، راشد ریاض اور سلیمہ امتیاز شامل ہیں۔

پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں 18 امپائرز اور 10 میچ ریفری شامل کیے گئے ہیں۔ امپائرز کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے لیے سپلیمنٹری پینل کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے پینل ون میں 14 اور پینل ٹو میں 24 امپائرز شامل ہیں، جبکہ سپلیمنٹری میچ ریفری پینل میں 10 ریفری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایمرجنگ پینل میں ملک بھر سے 40 امپائرز کو موقع دیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق میچ آفیشلز کے پینل میں 13 خواتین امپائرز بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں سلیمہ امتیاز نمایاں ہیں۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں امپائرز اور میچ ریفریز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور ڈومیسٹک سطح پر آفیشیٹنگ کے معیار کو عالمی سطح کے تقاضوں کے مطابق لانا ہے۔