اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان سیاسی اتحاد مستحکم ہے اور آئندہ بھی قائم رہے گا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کہیں نہیں جارہی، اتحاد سنجیدگی سے چل رہا ہے اور قیادت تمام معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری اور استحکام اتحاد کے تسلسل میں ہے، اور قیادت تمام چیلنجز کا مشترکہ طور پر حل نکالنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیرِ مملکت کے مطابق حکومت ملکی معیشت کو مستحکم بنانے، اصلاحاتی اقدامات اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر اتحادی جماعتوں کے تعاون سے پیش رفت کر رہی ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی محرومیوں پر سیاست کرنا افسوسناک اور شرمناک رویہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ واضح ہے کہ سیلاب متاثرین کی فوری مدد کی جائے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں حکومت کی توجہ صرف فوٹو سیشنز اور دکھاوے تک محدود ہے، وہاں نہ گھر تعمیر ہو رہے ہیں اور نہ ہی متاثرین کو سولر پینل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ عوامی خدمت اور بحالی کے اقدامات کو سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھنا چاہیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos