پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون رہنما صنم جاوید کے مبینہ اغوا کا مقدمہ تھانہ شرقی پشاور میں درج کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مقدمہ صنم جاوید کی قریبی دوست اور وکیل حرا بابر ایڈووکیٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق، صنم جاوید کو پشاور کی مصروف شاہراہ پر نامعلوم افراد نے روکا اور انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ واقعہ کے دوران علاقے کے سیکیورٹی اہلکاروں نے مدد کے بجائے خاموشی اختیار کی، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ پانچ نامعلوم افراد صنم جاوید کو گاڑی سے اتار کر لے گئے، اور ان کی موجودہ جگہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکی۔
مدعیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس اغوا میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور اغواکاروں کی شناخت کے لیے قریبی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos