کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ حلقہ بندیوں کا اختیار آئینی طور پر الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، لہٰذا اس عمل میں عدالتی مداخلت مناسب نہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار حلقہ بندیوں کے خلاف باضابطہ اعتراضات جمع کرانے میں ناکام رہے، اس لیے کسی قانونی شق کی خلاف ورزی ثابت نہیں ہوسکی۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے حلقہ بندیوں اور مردم شماری سے متعلق تمام آئینی درخواستیں خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات کے مطابق انتخابی عمل کو جلد مکمل کرے۔
عدالت نے مزید کہا کہ بلدیاتی اداروں کا فعال ہونا عوامی نمائندگی اور مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے، اس لیے الیکشن کمیشن کو جلد از جلد اقدامات یقینی بنانے چاہییں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos