سندھ میں سرکاری ملازمین کی پنشن اور بقایا جات میں تبدیلیوں کا نوٹیفکیشن معطل

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے سرکاری ملازمین کی پنشن اور بقایا جات سے متعلق کٹوتی اور ادائیگیوں میں کی جانے والی تبدیلیوں کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ملازمین کی سہولت اور تحفظ کے پیشِ نظر نوٹیفکیشن پر عمل درآمد فوری طور پر روک دیا گیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ چیف سیکرٹری سندھ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو بینوولنٹ فنڈ سے متعلق تفصیلی سفارشات تیار کرے گی۔
کمیٹی ملازمین کی شراکت، ادائیگی کے فارمولے، فوائد کے ڈھانچے اور قانونی ترامیم کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔

دوسری جانب، سندھ امپلائز الائنس نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ بینوولنٹ فنڈ کی ادائیگی بلوچستان حکومت کے طرز پر ریٹائرمنٹ کے وقت کی جائے اور فوائد کو صرف وفات یا معذوری کے معاملات تک محدود نہ رکھا جائے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت سندھ ملازمین کی مالی مشکلات کے تدارک اور ان کے جائز مطالبات کے حل کے لیے نئی پالیسی پر غور کر رہی ہے۔